نئی دہلی، 16؍فروری (ایس او نیوز) کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے منگل کے روز منی پور میں حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر ریاست کے سلگتے ہوئے مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اگر کانگریس اقتدار میں آتی ہے تو انہیں حل کیا جائے گا-
ورچوئل ریلی سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ پرینکا گاندھی نے کہاکہ منی پور کے لوگ مہنگائی، بے روزگاری، صحت اور تعلیم کی خدمات کی کمی اور خواتین کے خلاف جرائم جیسے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں لیکن ریاست کی موجودہ بی جے پی حکومت اسے حل نہیں کرنا چاہتی- ان کی (بی جے پی) صرف یہی خواہش ہے کہ وہ اقتدار میں آئے اور کسی بھی طریقے سے اقتدار میں رہے اور ریاست اس قسم کی ذہنیت کے ساتھ ترقی نہیں کر سکتی-
انہوں نے کہا کہ منی پور میں ایک ایسی حکومت کی ضرورت ہے جو ریاست کی ترقی کے لیے کام کرے اور لوگوں کے مسائل حل کرے -انہوں نے کہا کہ منی پور میں بی جے پی حکومت کی تشکیل کا آغاز ہی ایک ”غیر جمہوری“ طریقے سے کیا گیا تھا- اس نے 2017 کے مینڈیٹ کی مسلسل توہین کی ہے جس کا نتیجہ بدعنوانی کی صورت میں نکلا ہے - اس حکومت نے ریاست میں نہ تو امن قائم کیا ہے اور نہ ہی روزگار کے مواقع پیدا کیے ہیں -
کانگریس لیڈر نے کہا کہ کانگریس ایک ایسی حکومت فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے جس کی بنیادی توجہ ریاست کی ترقی اور مضبوطی پر مرکوز ہوگی-
خواتین کو بااختیار بنانے کے تناظر میں انہوں نے کہا کہ ریاست میں ایک ایسی حکومت کی ضرورت ہے جو خواتین کی برابری کو تسلیم کرے - کانگریس خواتین کو برابر سمجھتی ہے - بی جے پی کا نظریہ کبھی بھی خواتین کے ساتھ برابری کا سلوک نہیں کر سکتا- منی پور میں سیاحت پر زور دیا جانا چاہیے - یہ شعبہ روزگار کے بڑے مواقع پیدا کر سکتا ہے - ہم ریاست میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر توجہ دیں گے -قابل ذکر ہے کہ منی پور میں اسمبلی انتخابات 28 فروری اور 5 مارچ کو ہوں گے -